بھٹکل:19/نومبر (ایس او نیوز)نوجوانوں کو کہیں بھی موقع نہ دیں کہ ان کے اخلاق متاثرہوں، کھیل کے پروگراموں میں بھی اخلاق کا پاس ولحاظ کریں۔ فیڈریشن کی طرف سے جو بھی پروگرام منعقد کیا جاتاہے وہ بالکل وقت پر شروع ہو اور وقت پر اختتام پذیر ہو، چاہے وہ پروگرام دینی ہو، کھیل کا ہو یا پھر ثقافتی ہو، دیر رات تک پروگرام چلنے سے کافی پریشانی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملیہ تنظیم جمعہ مسجد کے خطیب مولانا محمد انصار مدنی نے کیا۔
وہ یہاں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سالانہ جلسہ میں خطاب کررہے تھے۔ جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور نے کہاکہ جس مقصد کو لے کر فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، ہم تمام کو ان مقاصد کے حصول کے لئے متحرک و سرگرم رہنا چاہئے۔ قوم کو جب بھی ہماری ضرورت محسوس ہوتی ہے ہم بلا چوں چراقوم کی خدمت کے لئے لبیک کہیں۔ جلسہ میں سوال جواب کا موقع دیاگیا، اسی طرح حاضرین سے فیڈریشن کو مستحکم کرنے کے سلسلے میں صلاح ومشورے بھی لئے گئے۔
حافظ عکاشہ ابن عزیز الرحمن ندوی کی تلاوت قرآن سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کا سالانہ جلسہ بروز جمعہ کی شام تنظیم ہال میں منعقد ہوا۔ حسین ابن مولوی عبدالعزیز قاضیا نے نعت پیش کی۔ فیڈریشن کے نائب صدر مولوی ارشاد نائطے نے استقبالیہ پیش کیا۔ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مولانا محمد عرفان ایس ایم ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کیا تو خازن عبدالواجد کولانے فیڈریشن کے حساب کتاب کو پیش کیا۔ فیڈریشن کے نائب سکریٹری مولوی عزیز الرحمن ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اس موقع پر سماجی بورڈ کے ڈائرکٹر محمد صادق، اسپورٹس ڈائرکٹر محمد نصیف خلیفہ، شعبہ تعلیم کمیٹی کے ڈائرکٹر مولوی ابوبکر تونسے وغیرہ موجود تھے۔